Surat No. 84 Ayat NO. 21


«سورة الْاِنْشِقَاق» حاشیہ نمبر :12
یعنی ان کے دل میں خدا کا خوف پیدا نہیں ہوتا اور یہ اس کے آگے نہیں جھکتے ۔ اس مقام پر سجدہ کرنا رسول اللہ ﷺ کے عمل سے ثابت ہے ۔ امام مالک ، مسلم اور نسائی نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں یہ روایت نقل کی ہے کہ انہوں نے نماز میں یہ سورۃ پڑھ کر اس مقام پر سجدہ کیا اور کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے یہاں سجدہ کیا ہے ۔ بخاری ، مسلم ، ابوداؤد اور نسائی نے ابورافع کا یہ بیان نقل کیا ہے کہ حضرت ابوہریرہ ؓ نے عشاء کی نماز میں یہ سورۃ پڑھی اور سجدہ کیا ۔ میں نے اس کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے فرمایا کہ میں نے ابوالقاسم ﷺ کے پیچھے نماز پڑھی ہے اور حضور ﷺ نے اس مقام پر سجدہ کیا ہے ، اس لیے میں مرتے دم تک یہ سجدہ کرتا رہوں گا ۔ مسلم ، ابوداؤد ، ترمذی ، نسائی اور ابن ماجہ وغیرہم نے ایک اور روایت نقل کی ہے جس میں حضرت ابوہریرہ فرماتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے اس سورۃ میں اور «اقراء باسم ربک الذی خلق» میں سجدہ کیا ہے ۔